بھٹکل 29 مارچ (ایس او نیوز) کنداپور میں ایک کار پلٹ جانے کے نتیجے میں بھٹکل کی خاتون جائے وقوع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جبکہ کار پر سوار اس کے شوہر اور چار بچوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ حادثہ پیر کی شام قریب 6:30 بجے پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بھٹکل مخدوم کالونی کی خاتون سُہانا (26)، دو تین دنوں سے گھر پر ہورہی شادی کی تقریب میں شریک ہونے بھٹکل میں ہی مقیم تھی، آج پیر کو اپنے شوہر صبغت اللہ اور چار بچوں کے ساتھ ماروتی سوزوکی سویفٹ کار پر سوار کنداپورسے آگے تونسے میں اپنے سسرال جارہی تھی کہ کنداپور کے قریب نیشنل ہائی وے پر ان کی کار بے قابو ہوکر پلٹ گئی اور راستے کے دوسری طرف جاگری۔ بتایا گیا ہے کہ راستے میں اچانک ایک گائے آگئی تھی، جس سے بچنے کی کوشش میں بریک لگے اور کار سیدھے اُلٹ گئی اور پلٹیاں کھاتے ہوئے سڑک کے دوسری طرف جاگری۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون کے سر کو شدید چوٹ لگنے کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
حادثے کے فوراً بعد ہائی وے پٹرولنگ پولس کی کار موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو قریبی اسپتال لے گئی، جبکہ خاتون کی میت گنگولی کی 24X7 ایمبولنس پر سرکاری اسپتال لے جائی گئی۔جہا ں ، پوسٹ مارٹم نیز کاغذی کاروائیوں کے بعد میت گھر والوں کے حوالے کی جائے گی ۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ کار پر موجود چاروں بچے اور شوہرکو معمولی چوٹیں آئی تھی، وہ بالکل محفوظ ہیں ۔ ان کی چار اولاد میں ایک تین ماہ کی معصوم بچی بھی شامل ہے جو حادثے کے بعد اپنی ماں سے محروم ہوگئی ہے۔
کنداپور پولس تھانہ میں حادثہ کے تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے۔